اسلام آباد: سرکاری فنڈز سے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے استعمال کے لیے تقریباً 9 کروڑ روپے مالیت کی نئی گاڑی خریدے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مہنگی گاڑی خرید کر سینیٹ آف پاکستان کے سیکرٹریٹ میں پہنچا دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران جب چیئرمین سینیٹ سے گاڑی کی خریداری کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کی تصدیق کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ گاڑی سینیٹ کے بجٹ سے خریدی گئی ہے اور اس کی ادائیگی بھی اسی مد سے کی گئی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کے دوران مہنگی گاڑی کی خریداری کو تسلیم کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ خریداری ادارے کے مختص بجٹ کے تحت کی گئی ہے۔