محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس موسمی نظام کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈک بڑھ گئی اور شہریوں نے موسم کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں جن میں شملہ پہاڑی، مال روڈ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، سول سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ اور چوبرجی شامل ہیں، میں صبح کے وقت اچھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج رات سے 16 مارچ کی صبح تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ سمیت بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور تورغر کے علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ خطرناک مقامات، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں جبکہ غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کریں۔ ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری اطلاع دیں۔