تہران / بغداد : خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران نے اسرائیلی قیادت سے وابستہ مقامات اور امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق کارروائی پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی جانب سے جاری فوجی مہم کے تحت کی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اپریشن وعدہ صادق کی 48ویں لہر ہفتے کی صبح شروع کی گئی، جس میں اسرائیلی اور امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران خطے میں امریکی فوج سے متعلق تین مقامات کو بھی ہدف بنایا گیا۔حکام کے مطابق اس آپریشن میں میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا اور حملوں کا مقصد مخصوص فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ بغداد میں امریکی سفارتخانہ کے فضائی دفاعی نظام پر ایک خودکش ڈرون حملہ کیا گیا۔
ادھر امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بغداد میں امریکی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ کے اندر ہیلی پیڈ کے قریب میزائل گرنے کے بعد دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ العدید فضائی اڈے کے قریب بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔تاحال کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی، تاہم حالیہ واقعات کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔