حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرولیم قیمتوں کے بارے میں وفاقی وزیر خزانہ کا بڑا بیان Home / پاکستان /

پیٹرولیم قیمتوں کے بارے میں وفاقی وزیر خزانہ کا بڑا بیان

ایڈیٹر - 15/03/2026
پیٹرولیم قیمتوں کے بارے میں وفاقی وزیر خزانہ کا بڑا بیان

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں تیل کے ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران حکام نے کمیٹی کو خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر، درآمدی حکمت عملی اور ترسیلی نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر سمندری راستے سے آنے والے کارگو جہازوں اور مستقبل کی سپلائی سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

کمیٹی ارکان نے بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور سپلائی چین مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ آئندہ ہفتوں میں بھی تیل کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باوجود حکومت بروقت حکمت عملی کے ذریعے ملک میں سپلائی کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ عوام پر قیمتوں کا اضافی بوجھ کم سے کم رکھا جائے۔

اجلاس میں عالمی سطح پر خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ بین الاقوامی تبدیلیوں کے ملکی معیشت پر اثرات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔