حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل، کئی اضلاع میں گرج چمک اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، انتظامیہ ہائی الرٹ Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل، کئی اضلاع میں گرج چمک اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، انتظامیہ ہائی الرٹ

ایڈیٹر - 14/03/2026
خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل، کئی اضلاع میں گرج چمک اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، انتظامیہ ہائی الرٹ

خیبرپختونخوا میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی ہے اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج رات سے 16 مارچ کی صبح تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ کے اضلاع میں بارش جبکہ بلند پہاڑی مقامات پر برفباری متوقع ہے۔

دوسری جانب کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام اور تورغر میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی شہریوں کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور کرک میں بھی آندھی اور بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جس کے باعث ضلعی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور میں تیز بارشوں کے باعث شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کوہاٹ، ہنگو، بنوں اور لکی مروت میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے ساتھ گرج چمک والی بارش کی توقع ہے۔

ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارشوں اور تیز ہواؤں کے سبب ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے اس سلسلے کے نتیجے میں صوبے بھر میں درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ تمام اضلاع میں ریسکیو ٹیموں، مشینری اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

ادارے کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے مقامات، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کے قریب جانے سے گریز کریں۔ سیاحوں اور مسافروں کو بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں