حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جعلی نادرا ویب سائٹس کا جال بے نقاب، شہریوں کو ذاتی معلومات شریک کرتے وقت احتیاط بھرتنے کی ہدایات Home / پاکستان /

جعلی نادرا ویب سائٹس کا جال بے نقاب، شہریوں کو ذاتی معلومات شریک کرتے وقت احتیاط بھرتنے کی ہدایات

ایڈیٹر - 14/03/2026
جعلی نادرا ویب سائٹس کا جال بے نقاب، شہریوں کو ذاتی معلومات شریک کرتے وقت احتیاط بھرتنے کی ہدایات

پاکستان میں آن لائن فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ادارے کے نام پر چلنے والی جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں اور صرف سرکاری پورٹل کے ذریعے ہی خدمات حاصل کریں۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق ایک جعلی ویزا پورٹل سامنے آیا ہے جو بظاہر ادارے کی ویب سائٹ معلوم ہوتا ہے، تاہم اس کا نادرا سے کوئی تعلق نہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی ویب سائٹس عموماً صارفین کی ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرنے کے لیے بنائی جاتی ہیں، اس لیے شہری ایسے لنکس پر اپنی معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ ویزا سے متعلق سرکاری خدمات صرف اس کے مستند پورٹل کے ذریعے دستیاب ہیں اور شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ہمیشہ ایسی ویب سائٹس استعمال کریں جن کے آخر میں (جی او وی ڈاٹ پی کے) موجود ہو۔

ادھر نیشنل سی ای آر ٹی  نے بھی اس حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران نادرا کی طرز پر بنائی گئی 9 جعلی ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا ہے جو شہریوں کا حساس ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مشکوک ای میلز یا ایس ایم ایس میں موصول ہونے والے لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی آن لائن فارم میں اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے سے پہلے ویب سائٹ کی تصدیق ضرور کریں۔ نادرا اور سائبر سیکیورٹی ادارے اس نوعیت کی دھوکہ دہی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔