خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب پولیس گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس ٹیم رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہی تھی۔ حملے میں ایس ایچ او صدر اعظم، ڈرائیور شاہ بہرام اور اے ٹی ایس کے تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ زخمی اہلکار انصاف الدین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔
ادھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا اور زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے قوم کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔