پشاور: حکومت خیبرپختونخوا نے عیدالفطر کے پیش نظر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو بڑی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مارچ کی تنخواہیں اور پنشن مقررہ وقت سے پہلے ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کے تحت محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے جسے چیف سیکرٹری، تمام انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ضلعی و سیشن ججز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ارسال کیا گیا ہے تاکہ اس فیصلے پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ مارچ 2026 کی مکمل تنخواہ، الاونسز اور پنشن عیدالفطر سے قبل ادا کی جائے۔ اس سلسلے میں ادائیگیوں کی تاریخ یکم اپریل کے بجائے 16 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام عیدالفطر کی متوقع آمد کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس کے 20 یا 21 مارچ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پیشگی ادائیگی کا مقصد سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو عید کی تیاریوں کے لیے مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ صوبے بھر کے تمام مسلم سرکاری ملازمین اور پنشن حاصل کرنے والوں پر لاگو ہوگا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ادائیگیوں کا عمل مقررہ تاریخ پر مکمل کیا جائے۔