پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد موٹر سائیکل مالکان کو ریلیف دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل رکھنے والے شہریوں کو پیٹرول اخراجات میں کمی کیلئے 2200 روپے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے اور عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر مشیر خزانہ مزمل اسلم اور معاون اطلاعات شفیع جان بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور 140 بسوں میں سے 10 پنک بسیں خواتین کیلئے مختص ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1 لاکھ 30 ہزار گھرانوں کو جون سے پہلے سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے جبکہ کسانوں کیلئے بھی جلد ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔