حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرولیم مصنوعات کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ناانصافی ہے۔سہیل افریدی Home / سیاست /

پیٹرولیم مصنوعات کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ناانصافی ہے۔سہیل افریدی

ایڈیٹر - 08/03/2026
پیٹرولیم مصنوعات  کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ناانصافی ہے۔سہیل افریدی

پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایران جنگ کے باعث فیول سپلائی لائنز کی صورتحال کے حوالے سے حکومتی موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی جس سے براہ راست عوام متاثر ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیرخزانہ و پیٹرولیم کے ساتھ منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران کیا جس میں مشرق وسطی میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی کے باعث پٹرولیم کی سپلائی لائنز متاثر ہونے کے خدشات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ممکنہ سپلائی بحران اور اس کے نتیجے میں قیمتوں پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے بارے میں تفصیلی بریلنگ دی گئی۔

محمد سہیل آفریدی نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کریں نہ کہ بحران کا بوجھ براہ راست عوام پر منتقل کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مناسب طرز حکمرانی نہیں کہ حکومتیں خود غیر ضروری اور فضول اخراجات جاری رکھیں اور جب بحران پیدا ہوتو اس کا بوجھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کرعوام پر ڈال دیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نےاس بات پر زور دیا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کا حل یہ نہیں کہ پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو مزید مشکلات سے دو چار کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ حکومتیں لگڑری اخراجات میں کمی لائیں اور انہی وسائل کو عوام کو ریلیف دینے اور سبسڈی فراہم کرنے کے لیے استعمال کریں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنی شاہ خرچیاں کم کر کے عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی بدولت ایوانوں میں بیٹھے ہیں اور عوام کے ٹیکس سے ہی حکومت اور ادارے چلتے ہیں، اس لیے عوام کو ریلیف کی فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وانا میں آئی ڈی دھماکے اور لکی مروت کے علاقے منجو والا چوک میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے آئی جی پولیس کو دونوں واقعات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

وزیر اعلی نے وانا دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد کی شہادت اور لکی مروت واقعے میں دو افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔