حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عارضی ہے، حالات بہتر ہوتے ہی کمی کریں گے: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک Home / پاکستان /

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عارضی ہے، حالات بہتر ہوتے ہی کمی کریں گے: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

ایڈیٹر - 08/03/2026
پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عارضی ہے، حالات بہتر ہوتے ہی کمی کریں گے: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مجبوری کے تحت کیا گیا ہے اور جیسے ہی عالمی صورتحال بہتر ہوگی حکومت فوری طور پر قیمتوں میں کمی کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ لے گی تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا تاہم حکومت اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بعض عناصر کی جانب سے پیٹرول کی فروخت روک کر مصنوعی قلت پیدا کرنے اور منافع خوری کی کوششیں کی گئیں، جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت ایسے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی جو عوامی مشکلات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پیشگی حکمت عملی کے تحت اپنے پیٹرولیم ذخائر میں اضافہ کر لیا تھا تاکہ ممکنہ بحران سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہُرمز کے راستے میں رکاوٹ کے بعد سعودی عرب کی متبادل بندرگاہوں سے تیل پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے دو جہاز سعودی عرب کے متبادل بحری راستوں کے ذریعے تیل پاکستان لا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی آرامکو  نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر پاکستان بڑا بحری جہاز بھی بھیجتا ہے تو اس کے ذریعے بھی تیل فراہم کیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا کر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔