حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران جنگ کا نواں روز، پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کی 88 مزید پروازیں منسوخ، مجموعی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی Home / پاکستان /

ایران جنگ کا نواں روز، پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کی 88 مزید پروازیں منسوخ، مجموعی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی

ایڈیٹر - 08/03/2026
ایران جنگ کا نواں روز، پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کی 88 مزید پروازیں منسوخ، مجموعی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک جانے والی فضائی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق جنگ کے نویں روز بھی پاکستان کے مختلف شہروں سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی 88 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اتوار کے روز سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر کراچی رہا، جہاں سے دبئی، دوحہ، ابوظبی، بحرین اور دمام جانے والی مجموعی طور پر 27 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح لاہور سے 16، اسلام آباد سے 22، پشاور سے 10، ملتان سے 7 جبکہ فیصل آباد سے 4 پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث بڑی تعداد میں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں جبکہ کئی مسافروں کو اپنی پروازوں کے دوبارہ شیڈول ہونے کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ ایئر لائنز حکام کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری غیر یقینی صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو رہا ہے۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ نو دنوں کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 1400 سے تجاوز کر چکی ہے، جو فضائی سفر کے لیے ایک غیر معمولی صورتحال سمجھی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق خطے میں حالات معمول پر آنے تک پروازوں کے شیڈول میں مزید تبدیلیوں کا امکان بھی موجود ہے، اس لیے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال متعلقہ ایئر لائن سے ضرور چیک کریں۔