حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اہل  گھرانوں کو سولر سسٹم فراہمی کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت Home / پاکستان /

اہل  گھرانوں کو سولر سسٹم فراہمی کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت

ایڈیٹر - 07/03/2026
اہل  گھرانوں کو سولر سسٹم فراہمی کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت

پشاور: وزیر اعلی سہیل آفریدی نے صوبے میں گھروں کی سولرائزیشن منصوبے کے تحت اہل گھرانوں کو  مجوزہ سولر سسٹم کی فراہمی کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس مقصد کیلئے تمام تقاضے بلا تاخیر مکمل کئے جائیں۔ جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منصوبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ مستحق آبادی کے گھروں کی سولرائزیشن عوام کو ریلیف دینے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کی بر وقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، اس کے ثمرات بھی مستحقین تک بروقت پہنچنے چاہئیں، عوامی مفاد کے حامل منصوبوں کی ڈاکو منٹیشن میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔  اجلاس میں منصوبے پر اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ  دی گئی اور بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت صوبہ بھر بشمول ضم  اضلاع میں مجموعی طور پر ایک لاکھ تیس  ہزار مستحق گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کئے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت پہلی کیٹیگری میں 65 ہزار گھرانوں کو سو فیصد مفت اور دوسری کیٹیگری میں 65 ہزار گھرانوں کو آدھی قیمت اور آسان اقساط پر سولر یونٹس دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ منصوبے کا پی سی ون تیار ہے جس کی پی ڈی ڈبلیو پی کے آئندہ اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔ منصوبوں میں بیوہ خواتین ، خصوصی افراد ٹی ڈی پیز ، قدرتی آفات سے متاثرہ گھرانوں اور معاشرے کے دیگر مستحق طبقات اور آف گرڈ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی۔