اسلام آباد:وزارت داخلہ و انسداد منشیات نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے 128 کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی ملازمتوں میں توسیع نہ دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق 25 فروری کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک خط میں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ادارے میں خدمات انجام دینے والے 128 کنٹریکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ میں مزید توسیع نہ کی جائے اور ان کی سروسز فوری طور پر ختم کر دی جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے مذکورہ ملازمین کے کنٹریکٹس ختم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ مراسلے میں 24 نومبر 2025 کو ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے بھیجے گئے اس خط کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں ان ملازمین کے کنٹریکٹس میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق فارغ کیے گئے بیشتر ملازمین 2008 سے پاسپورٹ ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں نچلے گریڈز پر خدمات انجام دے رہے تھے اور گزشتہ تقریباً 18 برس سے مختلف انتظامی اور تکنیکی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک کنٹریکٹ بنیادوں پر کام کرنے کے بعد اچانک ملازمتوں کے خاتمے کے فیصلے نے ان ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ مزید یہ کہ طویل مدت تک ایک ہی ادارے میں کنٹریکٹ ملازمت کرنے کے باعث بیشتر ملازمین عمر کی حد بھی عبور کر چکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کسی دوسرے سرکاری محکمے میں ملازمت حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔