پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے حملوں کو روکنے کے لیے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
محکمہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلا اشتعال جارحیت خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے، بلا اشتعال حملے امن مذاکرات کے امکانات کو محدود اور بحران کو بڑھاتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ ایران تدبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کرے گا اور ایران کی محتاط حکمت عملی سے دوست ممالک کو بحران کے پرامن حل کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دوستی کے فروغ کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔