حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرولیم قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ پر تشویش، مشکلات کا طوفان کھڑا ہو سکتا ہے: مزمل اسلم Home / پاکستان /

پیٹرولیم قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ پر تشویش، مشکلات کا طوفان کھڑا ہو سکتا ہے: مزمل اسلم

ایڈیٹر - 07/03/2026
پیٹرولیم قیمتوں میں  55 روپے فی لیٹر اضافہ  پر تشویش، مشکلات کا طوفان کھڑا ہو سکتا ہے: مزمل اسلم

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے عوام کے لیے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی سنگین معاشی مسائل کا سامنا کر رہا ہے، جہاں غربت کی شرح تقریباً 45 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ بے روزگاری گزشتہ 21 برسوں کی بلند ترین سطح پر ہے۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے مشکلات کا ایک نیا پہاڑ کھڑا کر سکتا ہے۔

مزمل اسلم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تقریباً 80 ڈالر فی بیرل کے قریب ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھ کر 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جاتی ہے تو کیا حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید سینکڑوں روپے کا اضافہ کرے گی۔

واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ فیصلے کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹ بلکہ اشیائے خوردونوش سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے، جس کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔