پشاور: صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان کی زیر صدارت محکمہ صحت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت نے مختلف منصوبوں میں پیش آنے والی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار میں نمایاں تیزی لائی جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام انتظامی و تکنیکی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار فنڈز بروقت فراہم کیے جائیں گے تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات جلد از جلد میسر آسکیں۔