چارسدہ: عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلع چارسدہ کے مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے حاجی زئی، شبقدر اور مٹہ میں واقع پروڈکشن یونٹس، کباب شاپس، پکوڑا اور سموسہ شاپس کی تفصیلی جانچ پڑتال کی۔
دورانِ معائنہ دو پروڈکشن یونٹس کو غیر حفظانِ صحت حالات پر جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ دو کباب شاپس کو ناقص اور باسی (رینسڈ) تیل کے استعمال پر بھی بھاری جرمانے کیے گئے۔
فوڈ سیفٹی حکام نے موقع پر ہی غیر معیاری اور مضرِ صحت تیل کو تلف کر دیا تاکہ اسے دوبارہ استعمال میں نہ لایا جا سکے اور عوامی صحت کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ ٹیم نے متعدد کاروباری حضرات کو بہتری کے لیے امپروومنٹ نوٹسز بھی جاری کیے، جن میں صفائی، معیارِ خوراک اور قانونی تقاضوں پر عمل درآمد کی ہدایات شامل تھیں۔
فوڈ سیفٹی حکام کے مطابق ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری خوراک کی شکایات متعلقہ اداروں کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔