پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک کے لیے اپنے فضائی آپریشن کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اس فیصلہ کا مقصد مسافروں کی حفاظت اور خطے کی موجودہ صورتحال کے مطابق آپریشن کو محفوظ بنانا ہے۔ ترجمان کے مطابق، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور کویت کے لیے تمام پروازیں فی الحال معطل ہیں۔ یہ معطلی ابتدائی طور پر کل شام تک جاری رہے گی یا جب تک متعلقہ فضائی حدود کی صورتحال معمول پر نہ آئے۔
ایئرلائن نے مزید کہا کہ صورتحال میں بہتری یا نئی ہدایات موصول ہونے تک پروازوں کی بحالی سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ مسافر اپنے سفر کی منصوبہ بندی کے لیے پی آئی اے کی ویب سائٹ یا کسٹمر سروس سے رجوع کر سکتے ہیں۔