پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے لائیو اسٹاک کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لائیو اسٹاک منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایل ایم آئی ایس) کا باضابطہ اجرا کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کی دیہی معیشت میں لائیو اسٹاک کلیدی کردار رکھتا ہے، جسے اب ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کو براہ راست اور مؤثر سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نیا نظام سروس ڈیلیوری میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنائے گا اور لائیو اسٹاک سیکٹر میں اصلاحات کے ایک نئے مرحلے کی بنیاد رکھے گا۔ ان کے بقول یہ اقدام کسانوں کو بااختیار بنانے اور سرکاری خدمات تک ان کی رسائی آسان بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ایم آئی ایس کے تحت ٹول فری ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے مویشی پال افراد براہ راست ماہرین سے رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ویکسینیشن، علاج معالجہ اور افزائش نسل سے متعلق خدمات کی ڈیجیٹل نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔
نئے نظام کے تحت کسانوں، ویٹرنری اسپتالوں، موبائل کلینکس اور فیلڈ اسٹاف کو ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ پہلی مرتبہ جیو ٹیگڈ فارمرز اور مویشیوں کا جامع ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جائے گا۔ نسل، عمر اور جنس کے لحاظ سے ریکارڈ کی تیاری کے ساتھ ادویات اور ویکسین کی خریداری و استعمال کی مانیٹرنگ بھی آن لائن کی جائے گی۔
مزید برآں جانوروں کی شناخت کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جائے گی اور بیماریوں کی بروقت نشاندہی کے لیے ریئل ٹائم نگرانی کا نظام بھی فعال ہوگا، جس سے صوبے میں مویشی پال شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔