اسلام آباد ۔وفاقی حکومت کے 38 ارب روپے سے ملک کے سب سے بڑے رمضان پیکج کے تحت 12.1 ملین مستحق خاندانوں کو 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے امدادی رقم ڈیجیٹل وائٹس کے ذریعے تقسیم کی جارہی ہے، 64 فیصد مستحقین کو امدادی رقم منتقل کی جا چکی ہے۔
یہ بات وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو اپنی زیر صدارت وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سال کی پانچ ہزار روپے کی امدادی رقم کو بڑھا کر 13 ہزار فی خاندان کیا گیا ہے تاکہ مستحق افراد کی رمضان کے بابرکت مہینے میں مناسب مالی مدد ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا سب سے بڑا اور جامع رمضان ریلیف پیکیج ہے، پچھلے سال کے کامیاب تجربے کے بعد وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم بھی اسی شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جارہی ہے، ڈیجیٹل وائٹس کے ذریعے نقد مالی مد مستحق افراد تک پہنچائی جارہی ہے۔
انہوں نے رمضان پیکیج کے لئے کام کرنے والے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل وائٹس کے ذریعے مستحق افراد کو رقم کی فراہمی ایک انتہائی شفاف اور سہل ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جارہی ہے جس سے لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے اور ان کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال 8 رمضان المبارک تک 64 فیصد مستحق افراد تک رقوم پہنچائی جا چکی ہیں، مزید مستحق افراد کو قوم کی ادائیگی کے لیے تصدیق اور جانچ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
اس سال 12 بینک اور فنانشل ٹیکنالوجیز کی کمپنیاں رقوم کی تقسیم میں حکومت کی شراکت دار ہیں۔ بریفنگ کے مطابق رمضان پیکیج میں شامل مستحقین اب تک 1.1 ملین ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کر چکے ہیں جبکہ پی ایم رمضان پیکیج کی آگاہی کے حوالے سے مستحق افراد کو اب تک 12 لاکھ 27 سے زائد خود کار کالز کی جا چکی ہیں،
رمضان پیکیج کا دائرہ کار پورے ملک بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی پھیلایا گیا ہے۔