پشاور: خیبرپختونخوا میں دریائے سندھ کے حالیہ سروے کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر 135 انڈس ڈولفنز کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے، جسے ماہرین جنگلی حیات نایاب آبی حیات کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
یہ سروے 18 سے 24 فروری 2026 تک جاری رہا، جس میں چشمہ بیراج سے رامک کے علاقے تک دریا کے مخصوص حصے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ماہرین نے جدید میپنگ ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقۂ کار کے ذریعے ڈولفنز کی رہائش گاہوں، گروہوں کی ساخت اور ان کی نقل و حرکت کے راستوں کا ریکارڈ مرتب کیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق حاصل شدہ اعداد و شمار آئندہ حکمت عملی کی تیاری میں مددگار ثابت ہوں گے اور ڈولفنز کے قدرتی مسکن کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بنیاد فراہم کریں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ گنتی میں تعداد کا مستحکم رہنا یا اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ تحفظ کے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق صوبے میں انڈس ڈولفن کے تحفظ کے لیے نگرانی اور تحقیق کا عمل آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔