حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی میں ہزار اختلافات لیکن عمران کے انڈر رہنے پر مکمل اتفاق: خواجہ آصف Home / سیاست /

پی ٹی آئی میں ہزار اختلافات لیکن عمران کے انڈر رہنے پر مکمل اتفاق: خواجہ آصف

ایڈیٹر - 26/02/2026
پی ٹی آئی میں ہزار اختلافات لیکن عمران کے انڈر رہنے پر مکمل اتفاق: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام گروپوں میں ہزار اختلافات ہیں لیکن ایک معاملے پر مکمل اتفاق ہے کہ عمران خان اندر رہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی حکومت عمران خان کے لیے لبریشن فورس بنائے گی لیکن دہشت گردوں کے خلاف نہیں بولے گی، کے پی حکومت شہداء کے جنازوں میں شرکت سے گریز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز پولیس کی شہادتیں ہو رہی ہیں اور لوگوں کو زندہ جلایا جا رہا ہے، لیکن تحریک انصاف کے بانی کی پہلی اور آخری ترجیح ہے، باقی سب کچھ بے معنی اور فضول ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا نمبر نکل گیا، صوبہ جہنم میں گیا، ملکی سلامتی کی کوئی قدر نہیں، باہر بیٹھے یوٹیوب والوں کا کاروبار عروج پر ہے، اندر بیٹھے ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی کونسی سیاسی جماعت ہے جس کے کتنے ٹکڑے ہیں کسی کو معلوم نہیں، ہر کوئی چاہتا ہے کہ وہ اندر ہی رہے، پی ٹی آئی کے تمام گروپوں میں ہزاروں اختلافات ہیں لیکن ایک معاملے پر مکمل اتفاق ہے کہ عمران خان کو اندر رہنا چاہیے۔