پشاور/ایبٹ آباد: حکومتِ خیبرپختونخوا کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات کے خلاف جاری مہم میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے مختلف اضلاع میں الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایبٹ آباد میں تھانہ ایکسائز نے خفیہ اطلاع پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی۔ آپریشن سرکل آفیسر ارشاد اللہ آفریدی کی نگرانی اور ایس ایچ او فیصل خان کی قیادت میں کیا گیا۔ تلاشی کے دوران مانسہرہ کے رہائشی ملزم نوید حسین شاہ کے قبضے سے 247 گرام آئس برآمد ہوئی، جس پر اسے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ادھر پشاور میں ایکسائز انٹیلیجنس کے اسپیشل اسکواڈ نے موٹروے کے قریب ایچ گول چوک پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ملزم نے 350 نشہ آور گولیاں (ایسٹیسی) جوتے میں چھپا رکھی تھیں۔ کارروائی پراونشل انچارج سعود خان گنڈاپور اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ماجد خان کی نگرانی میں کی گئی، جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح پشاور موٹروے کی حدود میں ایک اور کارروائی کے دوران 2400 گرام چرس برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ یہ آپریشن ایس ایچ او عماد خان کی سربراہی میں کیا گیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔
محکمہ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر سید فخرِ جہاں کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جا رہے ہیں۔