بنوں ۔ مسجد سے 3 بھائیوں کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا عشاء کی نماز کے وقت نا معلوم مسلح افراد نے تھانہ کینٹ کی حدود حسن خیل میں واقع مسجد سوکڑی حسن خیل سے تین بھائیوں کو مبینہ طور پر اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق 10 سے 12 مسلح افراد، جو پولیس کی وردیوں میں ملبوس تھے مسجد میں داخل ہوئے اور نماز کے بعد تینوں افراد کو اپنے ہمراہ لے گئے ۔
اغوا ہونے والوں کی شناخت سعید اختر ( کمشنر آفس)، کانسٹیبل امجد (ایس ڈی ڈبلیو ایلیٹ فورس ) اور کانسٹیبل حضرت اللہ (ایس ڈی ڈبلیو کمشنر اسکواڈ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
تینوں سگے بھائی بنائے جاتے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد منظم انداز میں آئے اور کارروائی کے بعد فوری طور پر موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور مغویوں کی بحفاظت بازیابی کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔