حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سترہ ہزار ملزمان، صرف پانچ سو چالان ، راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کا پولیس پر سخت برہمی Home / پاکستان /

سترہ ہزار ملزمان، صرف پانچ سو چالان ، راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کا پولیس پر سخت برہمی

ایڈیٹر - 26/02/2026
سترہ ہزار ملزمان، صرف پانچ سو چالان ، راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کا پولیس پر سخت برہمی

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر کو ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جج طاہر عباس سپرا نے پولیس کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سماعت کے موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے میں مجموعی طور پر تقریباً 17 ہزار ملزمان نامزد ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے اب تک صرف 500 افراد کا چالان پیش کیا گیا ہے۔ اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صرف کمزور اور غیر بااثر افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ اہم اور بااثر ملزمان بدستور آزاد گھوم رہے ہیں۔

عدالت نے پولیس کے نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ متعدد اشتہاری ملزمان گزشتہ روز بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود تھے، مگر انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ جج نے استفسار کیا کہ کیا پولیس کو علم نہیں کہ کون اشتہاری ہے اور کہاں موجود ہے، یا پھر کارروائی محض منتخب افراد تک محدود رکھی جا رہی ہے۔

عدالت نے اس امر پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ اشتہاری ملزمان وفاقی دارالحکومت میں آزادانہ نقل و حرکت کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے عملی اقدامات سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔

مقدمہ نمبر 544 میں پولیس کی مبینہ غفلت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے اور تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ کیس کی مزید سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔