حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے 7 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ Home / پاکستان /

سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے 7 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

ایڈیٹر - 24/02/2026
سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے 7 ارب روپے  کی منظوری دے دی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ کابینہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے اختیارات کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اسپیشل مجسٹریٹس کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت فوری جرمانے اور کارروائی کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، رمضان المبارک میں سخت نگرانی جاری رہے گی اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید برآں، سندھ کابینہ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی فنانس کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق شہر کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 8 ارب 53 کروڑ روپے جبکہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے 7 ارب روپے معاوضے کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا کہ آئی آئی چندری گڑھ روڈ پر واقع تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے 1.57 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5.20 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے اور کچی آبادیوں میں آپریشن کے لیے سندھ پولیس کے لیے 560 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اجلاس میں نوجوانوں کی تربیت کے لیے پیپلز آئی ٹی پروگرام فیز 2 کے تحت 900 ملین روپے کی منظوری بھی دی گئی۔