پشاور ۔صوبائی حکومت نے پشاور سمیت صوبے کے 7 اضلاع میں غیر رجسٹر ڈ 370 نجی سکولوں پر میٹرک انٹرمیڈیٹ کے امتحانات دینے پر پابندی عائد کر دی ہے،
ان میں پشاور کے 196 سوات کے 100 مردان 10 ملاکنڈ 4 ایبٹ آباد کے 15 سکول شامل ہیں،
ذرائع کے مطابق تعلیمی بورڈ نے اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر نجی تعلیمی اداروں کو آگاہ کر دیا ہے ادھر پی ایس آراے کی جانب سے صوبے میں غیر رجسٹر ڈ تعلیمی اداروں کو نوٹس دینے کا عمل شروع ہے۔
ان غیر رجسٹر ڈ 370 تعلیمی اداروں میں میٹرک اور انٹر کے تقریبا 10 ہزار سے زائد طلبہ زیرتعلیم ہیں۔
پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے صوبے کے تمام پرائیویٹ سکولوں کو تدریسی عملے کے ساتھ لازمی تحریری کنٹریکٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے اس ضمن میں جاری اعلامیہ کے مطابق تدریسی عملے کو باضابطہ تحریری معاہدہ جاری کرنا لازم قرار دیا گیا ہے
معاہدے میں ملازمت کی شرائط ، ذمہ داریاں اور حقوق واضح درج ہو نگے پی ایس آراے کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد اساتذہ کے حقوق کا تحفظ اور شفاف نظام کو یقینی بنانا ہے۔