وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو ڈیل کی پیشکش کی خبروں کی تردید کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نہ تو ڈیل کی پیشکش ہوئی ہے اور نہ ہی میز پر ڈیل کا آپشن ہے۔
رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ عمران خان کو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ڈیل کی پیشکش نہیں کی گئی اور نہ ہو گی۔ عمران خان کی سزا کا فیصلہ عدالتوں میں ہوگا جیسا کہ ماضی میں نواز شریف اور زرداری کے کیس میں ہوا۔
رانا ثناء نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل کو مسترد کرنے کے حوالے سے دیے گئے بیان کی وضاحت بھی کی۔
رانا ثنا نے کہا کہ انہوں نے 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے ڈیل کو مسترد کرنے کا کہا تھا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بھی پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ڈیل سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔