پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ یہ فورس عمران خان کی رہائی کے بعد ختم کردی جائے گی اور یہ سیاسی ونگ نہیں ہے۔
جیو نیوز کے شاہ زیب خانزادہ سے آج کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ ہم احتجاج کے حوالے سے کچھ اور سوچ رہے ہیں، رمضان کے بعد واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی ریلیز فورس سٹریٹ موومنٹ کے فریم ورک کے اندر قائم کی جائے گی اور کوئی بھی اس کا حصہ بن سکتا ہے جس کی باقاعدہ رکنیت دی جائے گی اور حلف لیا جائے گا۔
شفیع جان نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی ونگ نہیں، یہ فورس عمران خان کی رہائی کے بعد ختم کر دی جائے گی، تاہم احتجاج ختم کرنے کے لیے بیک ڈور رابطہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔