حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وزیراعلیٰ کے پی نے عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔ Home / سیاست /

وزیراعلیٰ کے پی نے عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔

ایڈیٹر - 18/02/2026
وزیراعلیٰ کے پی نے عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کردیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے بانی نے سڑکوں پر تحریک کی ذمہ داری دی ہے، عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتا ہے، ذاتی ڈاکٹروں کو رسائی نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی ریلیز فورس کا اعلان کرتا ہوں، ہم اس فورس کو رجسٹر کریں گے، بانی ریلیز فورس پرامن جدوجہد کرے گی، ہم عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں فورس کے اراکین سے حلف لیں گے، اس فورس کی چین آف کمانڈ ہوگی، عمران خان جس کو بھی ذمہ داری دیں گے اس فورس کی کمان دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پہلے تیاری کریں گے پھر لڑیں گے، یہ لڑائی جمہوریت اور آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لیے ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں جو لوگ مجھے ہٹانا چاہتے ہیں وہ جان لیں عزت اور ذلت اللہ نے دیا ہے۔ وہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھیں کہ مجھے ہٹانے کا پیغام کس نے دیا۔