اسلام آباد ۔ سابق وزیر اعلی خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہن علیمہ خان سے متعلق بیانات پر پی ٹی آئی نے ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے علی امین گنڈا پور کے بیانات کا جائزہ لیا گیا اور پارٹی قیادت نے اڈیالہ ملاقاتوں کے بعد علی امین گنڈا پور کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا۔
اس سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ ایکشن لینے سے قبل پارٹی کی قیادت نے تمام انٹرویوز اور بیانات کی تفصیلات بھی منگوائیں ، ویڈیوز اور بیانات کا جائزہ لینے کے بعد علی امین گنڈا پور کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ سے متعلق کوئی بھی بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے بہت سی باتیں کی ہیں،
انہوں نے بہت کچھ کہا، یقین دلاتا ہوں کہ اس کا جواب دیا جائے گا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کوئی قرض نہیں رکھا جائے گا لیکن آج وہ دن نہیں ہے، علی امین گنڈا پور کی تمام باتوں اور بیانات کا جواب دیا جائے گا۔