حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایبٹ آباد میں جعلی چیک اسکینڈل بے نقاب، سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے نکال لیے گئے Home / پاکستان /

ایبٹ آباد میں جعلی چیک اسکینڈل بے نقاب، سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے نکال لیے گئے

ایڈیٹر - 18/02/2026
 ایبٹ آباد میں جعلی چیک اسکینڈل بے نقاب، سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے نکال لیے گئے

ایبٹ آباد میں کوہستان مالیاتی اسکینڈل کے بعد ایک اور بڑے مالیاتی فراڈ کا انکشاف سامنے آ گیا ہے، جہاں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ ڈویژن کے نام پر جعلی چیک جاری کرکے سرکاری خزانے سے پانچ کروڑ روپے سے زائد کی رقم نکال لی گئی۔

ذرائع کے مطابق جعلی کمپنی کے ذریعے بنوائے گئے چیک مختلف بینکوں میں جمع کروائے گئے، جن کے ذریعے بھاری رقم کیش کروائی گئی۔ تاہم محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی بروقت کارروائی کے باعث مزید تین کروڑ روپے کی ادائیگی روک لی گئی، جبکہ تین چیک کیش ہونے سے قبل ہی افسران نے تحویل میں لے لیے۔

اس معاملے پر ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ ڈویژن کی جانب سے چیف انجینئر کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں واقعے کی مکمل تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی چیک اسکینڈل میں نجی بینک کے بعض اہلکاروں اور اکاؤنٹ آفس کے عملے کے ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی رپورٹ تھانہ سٹی میں درج کر لی گئی ہے، جبکہ تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جعلی چیک بک نمبر 01030 کے ذریعے سرکاری رقم نکلوانے کی کوشش کی گئی۔

محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسر اور متعلقہ بینکوں سے تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو بھی معاملے کی سنگینی سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس سنگین مالیاتی اسکینڈل کی تحقیقات نیب یا ایف۔ آئی ۔اے کے ذریعے کروائی جائیں، تاکہ ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

ادھر خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کروا کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔