پشاور ۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سهیل آفریدی کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف، معیاری اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کیلئے وضع کردہ پلان اور مستحق خاندانوں کیلئے رمضان پیکچ پرتفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ رمضان المبارک میں عوام کو ہر صورت ریلیف فراہم کیا جائے ، بریفنگ میں بتایا کہ صوبے کے 10 لاکھ 16 ہزار 394 مستحق خاندانوں کو احساس رمضان پیکج کے تحت فی خاندان 12 ہزار 5 سوروپے دیئے جارہے ہیں اس مقصد کیلئے 12.8 ارب روپے منظور کئے گئے ہیں،
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان پیج کی تقسیم آٹھویں روزے تک ہر صورت مکمل کی جائے۔ وزیر اعلی نے تیموں ، بیواؤں، مساکین اور خصوصی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعلی نے رمضان المبارک کے دوران تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹرز کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روزے کی حالت میں کسی مریض کو علاج کیلئے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے انتظامات کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نا قابل برداشت ہے، اس لیے پرائس کنٹرول ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور خود ساختہ نرخ کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے اور اس ضمن میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے ہر ضلع میں احساس رمضان دستر خوان قائم کیا جائے جبکہ خیبر پختونخوا کے تمام انٹری پوائنٹس پر بھی مسافروں کیلئے احساس رمضان دستر خوان کا بندوبست یقینی بنایا جائے ۔