ضلع شانگلہ کے علاقے کابل گرام میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن الپوری میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں پاک فوج، خیبر پختونخوا پولیس، ضلعی انتظامیہ، علاقائی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضا ’’شہداء زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی اور شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہداء کے بلند درجات، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور استقامت کی دعائیں کی گئیں۔
تقریب میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آخر میں شہداء کے جسدِ خاکی پورے وقار اور احترام کے ساتھ آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیے گئے، جہاں انہیں مقامی سطح پر سپردِ خاک کیا جائے گا۔