اسلام آباد ۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن نے سزائے موت اور عمر قید کے مقدمات 45 دنوں میں نمٹانے کا ہدف مقرر کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پیر کو لاء اینڈ جسٹس کمیشن کا 47 واں اجلاس چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں ہوا جس میں عدالتی امور پر غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے سزائے موت، عمر قید کے مقدمات 45 دنوں میں نمٹانے کا ہدف مقرر کیا جس کے تحت آئندہ سوا ماہ میں تمام کیسز کو نمٹایا جائے گا۔
اعلامئے کے مطابق انصاف سے محروم شہریوں کیلئے مفت قانونی مشورے کا جامع فریم ورک تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اعلامئے کے مطابق چیف جسٹس کی قیادت میں اکتوبر 2024 سے فوجداری مقدمات کی مجموعی زیر التوا تعداد 19 ہزار 549 سے کم ہو کر 12 ہزار 705 رہ گئی۔
اعلامئے میں بتایا گیا ہے کہ 9 تا 14 فروری 2026 کے دوران سپریم کورٹ نے سزائے موت اور عمر قید سے متعلق 354 فوجداری مقدمات نمٹائے ، اسی ہفتے سزائے موت اور عمر قید سے متعلق 131 نئے مقدمات دائر ہوئے۔