پشاور: ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ واقعہ تھانہ باڑہ کی حدود کڑپہ میں پیش آیا، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
ضلعی پولیس افسر وقار احمد کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا زیرِزمین نصب بارودی سرنگ کے پھٹنے سے ہوا۔ واقعے میں ایک راہگیر خاتون زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر بارودی سرنگ کا نشانہ سیکیورٹی فورسز تھیں، تاہم افسوسناک طور پر ایک بے گناہ شہری اس کی لپیٹ میں آ گئی۔ حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں سرچ کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔