حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پہلا روزہ کب؟ سُپارکو کی فلکیاتی پیشگوئی Home / پاکستان /

پہلا روزہ کب؟ سُپارکو کی فلکیاتی پیشگوئی

ایڈیٹر - 14/02/2026
پہلا روزہ کب؟ سُپارکو کی فلکیاتی پیشگوئی

اسلام آباد : ملک کے قومی خلائی تحقیقاتی ادارے  سُپارکو  نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق اپنی سائنسی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہو سکتا ہے۔

ادارے کے ترجمان کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا۔ فلکیاتی حسابات کے تحت 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے 48 منٹ ہو چکی ہوگی، جو عام طور پر آنکھ سے رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔ اسی بنیاد پر 18 فروری کی شام چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔

سائنسی تجزیے کے مطابق اگر 18 فروری کو چاند کی رویت ہو جاتی ہے تو ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے متوقع ہے۔ تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ یہ اندازہ فلکیاتی ڈیٹا اور مشاہداتی امکانات پر مبنی ہے۔

ترجمان نے اس امر پر زور دیا کہ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اور سرکاری اعلان  رویئت ہلال کمیٹی  کی جانب سے کیا جائے گا، جو شہادتوں اور شرعی تقاضوں کی روشنی میں فیصلہ کرتی ہے۔ سُپارکو کی رپورٹ محض سائنسی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع پر انحصار کرنے کے بجائے رویت ہلال کمیٹی کے باضابطہ اعلان کا انتظار کریں، جو اجلاس کے بعد جاری کیا جائے گا۔