وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جیل مکمل ہو گئی تو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو وہاں منتقل کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جیل دو ماہ میں مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد پی ٹی آئی بانی کو وہاں منتقل کر دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جیل کے اندر تمام طبی سہولیات موجود ہیں، پی ٹی آئی بانی کو اسلام آباد کی عدالت نے سزا سنائی، انہیں اسلام آباد جیل منتقل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما پی ٹی آئی کے بانی کی صحت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں اور الزام ہے کہ سابق اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم غفلت کے مرتکب ہوئے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان جس ڈاکٹر سے چاہیں اپنی آنکھوں کا معائنہ کرائیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان سے متعلق 4 ماہ کی غفلت کی کوئی بات نہیں، ان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔