باجوڑ (نمائندہ خصوصی) — ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے چوترہ مین روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) دھماکے سے پھٹ گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا، جس کی نوعیت ابتدائی طور پر آئی ای ڈی بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے بعد مقامی افراد میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت سڑک پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری تھی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی گاڑی براہِ راست دھماکے کی زد میں نہیں آئی، جس کے باعث جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ دھماکے سے سڑک کے ایک حصے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شواہد کی روشنی میں ذمہ دار عناصر تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔