پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حوالے سے پولیس پر دباؤ ڈالا جارہا ہے تاہم پولیس کو فخر ہے کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں آرہی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جو لوگ پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں وہ ایسا نہ کریں اور پولیس کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، ہم نے کے پی پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے دور رکھا ہے، پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہیں، بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں سے ہم نے بہت نقصان اٹھایا، غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہاں امن قائم نہیں ہو رہا۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے 22 سال قربانیاں دی ہیں اور آج بھی دے رہی ہیں، ہماری پولیس کی بے عزتی ہوئی، ہم جو کررہے ہیں وہ خلوص نیت سے کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اپنی پولیس پر فخر ہے، پولیس نے جو کہا میں نے انکار نہیں کیا، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ ہماری آنکھ اور کان ہیں، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ضم ہونے والے اضلاع سمیت پورے صوبے میں سیف سٹی شروع کرنے جا رہے ہیں۔