حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
8 فروری کو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کو موثر بنانے کیلئے اسٹریٹ موومنٹ کومزید تیز کرنیکا فیصلہ Home / سیاست /

8 فروری کو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کو موثر بنانے کیلئے اسٹریٹ موومنٹ کومزید تیز کرنیکا فیصلہ

ایڈیٹر - 03/02/2026
 8 فروری کو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کو موثر بنانے کیلئے اسٹریٹ موومنٹ کومزید تیز کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، سکیورٹی اور صوبائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ان حملوں کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں قوم متحد ہے۔

اجلاس میں بانی عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کا موقف تھا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات نے پورے ملک کے عوام میں اضطراب پیدا کر دیا ہے۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو فوری طور پر ان کے معالج ایک مکمل رسائی دی جائے اور ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بلا تاخیر بحال کیا جائے۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ان کی رہائی فی الفور یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی وزیر اعظم شہباز شریف سے صوبے کے در پیش مسائل کے حل کیلئے ہونے والی ملاقات کو خوش آئند قرار دیا گیا۔

اجلاس میں وفاق سے مطالبہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے بقایا جات، بالخصوص این ایف سی این ایچ پی اور آئی پی کی مد میں واجب الادا تمام رقوم فوری طور پر ادا کی جائیں تا کہ صوبے کے عوام کے مسائل کا عملی حل ممکن ہو سکے۔

اجلاس نے اس امر پر زور دیا کہ وفاق آئینی ذمہ داریوں کے تحت اپنا موثر کردار ادا کرے۔

اجلاس میں شدید موسمی حالات کے دوران وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی اور مکمل ازالے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں خیبر جرگہ کے فیصلوں کی مکمل تائید کی گئی اور قبائلی اضلاع میں پائیدار امن کے قیام اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کیلئے تمام متعلقہ اداروں سے فعال کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں 8 فروری کو پر امن شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کو موثر بنانے کیلئے اسٹریٹ موومنٹ کومزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔