کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو یرغمال بنا رکھا ہے، ہمیں اس قبضے کا نظام ختم کرنا ہوگا۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شارع فیصل پر کراچی لائیو مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ لوگ کراچی کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ گل پلازہ پر کوئی سوال کرنے نہیں جاتا، صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کراچی میں رہتے ہیں لیکن وہ بھی گل پلازہ نہیں آئے، وزیراعظم شہباز شریف بھی زخموں پر مرہم رکھنے کراچی نہیں آئے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو ان کے حقوق سے محروم کر رکھا ہے، ہم بااختیار شہری حکومت چاہتے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ شہر کو وفاق کے حوالے کرنا مسئلے کا حل نہیں، کراچی میں سرکلر ریلوے تباہ ہو چکی ہے، کراچی میں کوئی ماسٹر پلان نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے 14 فروری کو تاریخی دھرنا دینے کا اعلان کیا، اس بار سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیا تو پہل کریں گے۔