لاہور ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کسی بھی ملکی ترقی کیلئے ضروری ہیں، بدقسمتی سے ماضی میں قومی وسائل کا غلط استعمال کیا گیا،
ادارے کرپشن کی نذر ہو گئے مگر اب کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں ، عوامی خدمت ہمارا نصب العین اور شفافیت کے فروغ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، پنجاب ایگریکلچرفوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (پی اے ایف ڈی اے) کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت وفاقی وصوبائی وزرا، اسمبلی ممبران و دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ملک کے جس کونے میں بھی جائیں عوامی خدمت کے منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی ہی مہر نظر آئے گی۔
جس طرح ہم نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اسی طرح ملک کے کونے کونے میں عوامی منصوبوں کے جال بچھائے جارہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چاول کی برآمد کے حوالے سے مجھے شکایت ملی جس پر اس ادارے کا سارا عملہ تبدیل کر کے ان کو سرپلس پول بھیج دیا اور آج وہ ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جرائم کی کمی اور ناقابل تردید ثبوت کی فراہمی کیلئے فرانزک لیب کا جال بچھایا۔