حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پختونخوا خیبر حکومت کا اقلیتی طلبہ کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی اسکالرشپس کا اعلان Home / پاکستان /

پختونخوا خیبر حکومت کا اقلیتی طلبہ کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی اسکالرشپس کا اعلان

ایڈیٹر - 01/02/2026
 پختونخوا خیبر حکومت کا اقلیتی طلبہ کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی اسکالرشپس کا اعلان

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی اقدام کے تحت انٹرمیڈیٹ سے پی ایچ ڈی تک مختلف تعلیمی سطحوں پر اسکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 4 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع تک بہتر رسائی فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق اس اسکیم کا بنیادی مقصد مالی مشکلات کے باعث تعلیم ترک کرنے والے یا تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا بھرپور موقع ملے گا اور وہ بغیر کسی مالی دباؤ کے اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں گے۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق اسکالرشپس کی رقم تعلیمی سطح کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔ پی ایچ ڈی کے طلبہ کو فی طالب علم 2 لاکھ 50 ہزار روپے، ایم فل کے طلبہ کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے، ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ کے طلبہ کو ایک لاکھ روپے، بی ایس پروگرامز کے طلبہ کو 80 ہزار روپے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو 60 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مالی معاونت کے ذریعے متعدد طلبہ کو فائدہ پہنچے گا اور تعلیمی اخراجات کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ یہ اقدام اقلیتی برادری کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ متعلقہ کے مطابق اسکالرشپ کے لیے آن لائن درخواستوں کا عمل پیر سے شروع ہو گا، جس کے تحت اہل طلبہ مقررہ ویب پورٹل پر اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی مکمل معلومات فراہم کریں تاکہ بروقت جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
تعلیمی اور سماجی حلقوں نے صوبائی حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف اقلیتی طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ صوبے میں مجموعی طور پر تعلیمی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔