حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
غیر فعال موبائل سمز خطرے میں، پی ٹی اے کی صارفین کو وارننگ Home / پاکستان /

غیر فعال موبائل سمز خطرے میں، پی ٹی اے کی صارفین کو وارننگ

ایڈیٹر - 30/01/2026
غیر فعال موبائل سمز خطرے میں، پی ٹی اے کی صارفین کو وارننگ

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کے لیے ایک اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ طویل عرصے سے غیر فعال رہنے والی موبائل سمز کو بند کیا جا سکتا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق وہ سمز جو چھ ماہ تک کسی بھی قسم کے استعمال میں نہ رہیں، آپریٹرز کو انہیں غیر فعال کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

پی ٹی اے کی وضاحت کے مطابق ایسی موبائل سمز جو مسلسل 180 دن تک کال، ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ سروس کے لیے استعمال نہیں کی گئیں، انہیں بند کر دیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ایک بار سم بند ہونے کے بعد متعلقہ موبائل نمبر دوبارہ مارکیٹ میں شامل کر دیا جائے گا اور کسی نئے صارف کو جاری کیا جا سکے گا۔ اس صورت میں سابق صارف اس نمبر پر کسی بھی قسم کے قانونی حق یا دعوے کا اہل نہیں ہوگا۔

اتھارٹی نے عوامی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی اس معاملے سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں، جن میں صارفین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سمز کو غیر فعال ہونے سے بچانے کے لیے وقتاً فوقتاً استعمال میں رکھیں۔

پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد موبائل نمبرز کے مؤثر انتظام، غیر ضروری بلاکنگ کی روک تھام اور صارفین کے لیے نمبرز کی دستیابی کو بہتر بنانا ہے۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس ایسی سمز موجود ہیں جو طویل عرصے سے استعمال میں نہیں، تو وہ انہیں بروقت فعال کریں یا کسی نئے صارف کو منتقل ہونے سے قبل ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔