حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاک افغان سرحد کی بندش سے خیبر پختونخوا کو اربوں روپے کا جھٹکا Home / پاکستان /

پاک افغان سرحد کی بندش سے خیبر پختونخوا کو اربوں روپے کا جھٹکا

ایڈیٹر - 30/01/2026
پاک افغان سرحد کی  بندش سے خیبر پختونخوا کو اربوں روپے کا جھٹکا

اسلام آباد: پاک افغان سرحد پر مسلسل بندش اور سرحدی تجارت و ٹرانزٹ سرگرمیوں کی معطلی کے باعث خیبر پختونخوا کو انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (آئی ڈی سی) کی مد میں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، جس سے صوبے کی آمدن اور معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے مطابق رواں مالی سال کے دوران آئی ڈی سی کی وصولیوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو مقررہ اہداف سے کہیں کم ہے۔ ریونیو میں اس غیر معمولی کمی کے باعث صوبائی حکومت کو شدید مالی دباؤ، معاشی جمود اور روزگار کے بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے اس سنگین صورتحال پر وفاقی حکومت سے باضابطہ رابطہ کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ سرحدی تجارت کی معطلی نے صوبے کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس ضمن میں ارسال کیے گئے مراسلے میں وفاقی اور صوبائی سطح کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلانے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ مسئلے کا فوری اور مؤثر حل تلاش کیا جا سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران جولائی سے جنوری تک کے سات ماہ میں انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں مجموعی طور پر 7 ارب 42 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی، جو کہ مقررہ تخمینے سے تقریباً 4 ارب روپے کم ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمیاں بحال نہ ہوئیں تو صوبے کو آئندہ مہینوں میں مزید مالی مشکلات اور ترقیاتی منصوبوں میں سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔