پاکستان کے اندرونی ہوابازی کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر نے باضابطہ طور پر اپنی پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ایئرلائن کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کوئٹہ اور ملتان کے درمیان روزانہ پروازیں چلائی جائیں گی، جن کا مقصد مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا اور خاص طور پر بلوچستان، جنوبی پنجاب، اندرونِ سندھ اور خیبر پختونخواکے کم سہولت یافتہ علاقوں کے لیے سفر کے مزید آسان اور قابلِ رسائی مواقع پیدا ہوں گے۔اعلان کے موقع پر کمپنی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ساؤتھ ایئر چھوٹے اور درمیانے شہروں کو فضائی نیٹ ورک سے جوڑنے اور ملکی سطح پر ہوابازی کے ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دے گی۔ ایئرلائن جلد ہی اس روٹ پر باقاعدہ آپریشن شروع کرنے جا رہی ہے، جس کے لیے مسافر بکنگ کی تیاری کر سکتے ہیں۔