ڈھاکا: بنگلہ دیش کے ضلع شیرپور میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان کے مابین پرتشدد جھڑپ کے نتیجے میں جماعتِ اسلامی کے ایک سینئر رہنما جاں بحق ہو گئے۔
پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ شیرپور کے علاقے جھینائی گاتی میں پیش آیا، جہاں شیرپور-3 کے حلقے میں امیدواروں کے انتخابی منشور کی تقریب جاری تھی۔ تقریب کے دوران نشستوں کے تنازع پر دونوں جماعتوں کے حامیوں میں تلخ کلامی ہوئی، جو جلد ہی شدید ہاتھا پائی اور تصادم میں بدل گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق جھڑپوں کے دوران سینکڑوں کرسیاں توڑ دی گئیں جبکہ متعدد موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچایا گیا یا آگ لگا دی گئی۔ تصادم میں دونوں سیاسی جماعتوں کے کم از کم 30 کارکن زخمی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
جماعتِ اسلامی کے مقامی رہنما اور سری بردی اپازلا شاخ کے سیکرٹری مولانا رضا الکریم اس واقعے میں شدید زخمی ہوئے۔ وہ فتح پور فاضل مدرسہ میں عربی کے لیکچرار بھی تھے۔ انہیں تشویشناک حالت میں میمن سنگھ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق رات 9 بج کر 35 منٹ پر اسپتال پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دیا گیا، جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی گئی، تاہم ہجوم کو منتشر کرنے میں کچھ وقت لگا۔