اسلام آباد ۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن ) نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو وفاقی وزیر کے برابر تنخواہ اور مراعات حاصل ہیں،
اپوزیشن لیڈر کی ماہانہ تنخواہ 5لاکھ 19 ہزار روپے ہے۔ اس کے علاوہ ایک مرتبہ آلات الاؤنس 5 ہزار روپے، سپلیمنٹری الاؤنس 6 ہزار روپے ماہانہ اور یوٹیلیٹی الاونس 22 ہزار روپے ماہانہ اپوزیشن لیڈر کو ملے گا۔
فافن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کی کی مراعات سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی قائد حزب اختلاف کی تعیناتی کر دی گئی ہے،
علامہ راجہ ناصر عباس سینیٹ جبکہ محمود خان اچکز کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قائد حزب اختلاف کو وفاقی وزیر کے برابر تنخواہ اور مراعات حاصل ہیں۔ قائد حزب اختلاف کا کردار آئینی تقرریوں میں بھی اہم ہے اور انہیں ایوان میں اظہارِ خیال کیلئے ترجیح دی جاتی ہے۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق رپورٹ کے مطابق رہائش اور ٹرانسپورٹ اپوزیشن لیڈر کو سر کاری دی جائے گی۔ اپوزیشن لیڈر کو فرنشڈ سرکاری رہائش ملے گی ، اور سرکاری رہائش نہ لینے پر 1لاکھ 3 ہزار 125 روپے ماہانہ کرایہ دیا جائے گا جبکہ سرکاری گاڑی بھی اپوزیشن لیڈر کو دی جائے گی، جس کی دیکھ بھال حکومت کے ذمے ہوگی۔
فافن رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو دستیابی کی صورت میں پاک فضائیہ یا حکومت کا ہیلی کاپٹر یا جہاز استعمال کرنے کی اجازت ہوگی ۔ سفر کے دوران 4,050 روپے روزانہ الائنس ہوگا، جبکہ سرکاری قیام کے دوران 4 ہزار روپے یومیہ الانس ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر اپنے ساتھ ایک پرائیویٹ سیکرٹری ، ایک پرسنل اسٹنٹ، ایک سٹینو گرافر ، ایک قاصد اور ایک نائب قاصد رکھ سکتے ہیں۔